ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / مرکزی حکومت کی نئی زرعی پالیسی کے خلاف چتردرگہ میں کسانوں نے قومی شاہراہ کو بند کرکےکیا احتجاج

مرکزی حکومت کی نئی زرعی پالیسی کے خلاف چتردرگہ میں کسانوں نے قومی شاہراہ کو بند کرکےکیا احتجاج

Fri, 04 Dec 2020 18:04:05    S.O. News Service

چتردرگہ:4؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)مرکزی حکومت کی نئی زرعی پالیسی کے خلاف کسان پورے ملک میں سراپا احتجاج نظر آر ہے ہیں، دہلی کی سرحد پر احتجاج کررہے کسانوں پر پولس کی زیادتی کے خلاف اب کرناٹک کے چتردرگہ میں کے کسانوں نے قومی شاہراہ کو بند کرکے احتجاج کیا۔اس سے پہلے بیلاری اور اُترکنڑا کے سداپور میں بھی کسانوں نے ہائی وے کو بند کرتے ہوئے زرعی پالیسی کی مخالفت میں دہلی کی سرحد پر ہورہے احتجاج کی حمایت کی  تھی۔

چتردرگہ ضلع کے ہریئیور شہر کے قریب سے گزرنے والی پونا۔ بنگلورو قومی شاہراہ -4پر رعیت سنگھ کی قیادت میں کسانوں نے شاہراہ بند کرکے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئےاپنا احتجاج درج کیا۔ ’’دہلی چلو‘‘ کے تحت ملک کی کئی ریاستوں کے کسان دہلی کی سرحد پر احتجاج کررہے ہیں۔ دھرنے پر بیٹھے کسانوں پر لاٹھی چارج سمیت  آبی توپوں سے ظلم کئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کسانوں نے  الزام لگایا کہ ملک کا اقتدار نریندرمودی کے ہاتھوں میں نہیں ہے بلکہ امبانی اور اڈانی جیسی کمپنیوں کے ہاتھ میں ہے۔

احتجاجی کسانوں نے اس بات پر برہمی ظاہر کی کہ مرکزی حکومت نےعوام کو جھوٹے وعدے اور جھوٹے سپنے دکھا کر  برسر اقتدار پر آئی، مگر اب وہ ان سب کو بھول کر جو جی میں آیا کررہی ہے۔  کالاپیسہ واپس لانے اور کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کی بات کہنے والے مودی نے نوٹ بندی کے ذریعے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ اگر مرکزی حکومت اسی طرح کی پالیسیاں تشکیل دیتی ہیں تو کسان مکمل طورپر برباد ہونے کا خیال ظاہر کرتےہوئے مرکزی حکومت کے خلاف سخت ناراضگی جتائی ۔ اسی طرح چتردرگہ کے چلی کیری کے کسانوں نے چلی کیری۔ بنگلورو روڈ بند کرکے مرکزی حکومت کے خلاف  احتجاج کیا۔ کسانوں کے سڑک بند کرنے سے کچھ دیر کے لئے قومی شاہراہ اور سڑکوں پر ٹرافک متاثر ہوئی ۔ سواریاں قطار باندھی کھڑی ہوئی نظر آئیں۔اس دوران پولس نے احتجاج کررہے  کسانوں کو  اپنی تحویل میں لیا اور  شاہراہ پر سواریوں کی نقل و حمل کو جاری کیا۔


Share: